پاک فوج کے ضرب عضب آپریشن کااصل ہدف ، دہشت گردی سے پاک وطن
وطن عزیز کو جنونی دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے شروع ہونے والا پاک افواج کا ضرب عضب آپریشن بڑی مہارت ، بہترین منصوبہ بندی اور شاندار حکمت عملی کی وجہ سے کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہے اور پاک افواج وطن عزیز کے چپے چپے کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کرنے کے اپنے عزم صمیم کی بدولت مسلسل کامیابیاں حاصل کرتی چلی آ رہی ہے ۔جنوبی وزیرستان، شمالی وزیر ستان اور پاک افغان سرحد سے متصل دوسرے علاقوں میں راRAW))کے تربیت یافتہ دہشت گردوں کی مضبوط پناہ گاہوں کو نیست و نابود کر کے پاک افواج نے دنیا بھر کے ممالک کو یہ تسلیم کرنے پر مجبور کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع واقعی نا قابل تسخیر ہے اور پاکستان کی محافظ مسلح افواج داخلی وخارجی ہمہ قسمی چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ نیٹو ممالک کی عسکری حمایت کے باوجود بھی امریکہ افغانستان میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہو چکا ہے جس کی وجہ سے جدید ترین وسائل اور ہتھیار وں سے لیس امریکی اور نیٹوافواج افغانستان سے اپنے محفوظ انخلاءکے پلان مرتب کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں جبکہ دوسری جانب پاکستان کی حکومت اپنے ملک کی بہادر افواج کی وجہ سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں کامیاب ہو رہی ہے۔ افواج پاکستان نےسنگلاخ پہاڑوں میں چھپے ہوئے ظالمان دہشت گردوں کی خفیہ پناہ گاہوں کو تباہ کر کے یہ ثابت کردیا کہ پاکستان کی مسلح افواج واقعی بے مثال ہیں اور اپنے وطن کو ہمہ قسمی داخلی وخارجی خطرات سے بچانے کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں ۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف پاکستان کا دورہ کرنے والے غیر ملکی فوجی وفود کے سر براہان اور غیر ملکی نمائندوں کو واضح طور پر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ملک بھر میں انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر آپریشن ضرب عضب کامیابی سے ہمکنار ہو رہا ہےاور اس آپریشن کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ بیرون پاکستان پوری دنیا میں امن کو یقینی بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جاری پاک افواج کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر پائیدار امن قائم کیا جائے گا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اقوام عالم کو یہ حقیقت بھی باورکرا دی ہے کہ منشیات کا سرمایہ دہشت گردی کے فروغ کے لئے استعمال ہو رہا ہے اس لئے پاک افواج منشیات کے مکروہ دھندہ کا مکمل خاتمہ کر کے دہشت گردوں اور منشیات فروشوں کے گٹھ جوڑ کو بھی ہر قیمت پر توڑ یں گی اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔ بلاشبہ پاک فوج کے ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردی کی وجہ سے کمزور ہونے والا پاکستان حکومت اور افواج کی بہترین منصوبہ بندی سے اب ایک مضبوط اور مستحکم ریاست بن کر ابھرا ہے اور دہشت گردی کے خوف سے اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کرنے والے تاجر ، صنعتکار، سرمایہ دار اور دوسرے تمام دولت مند بھی پاک افواج کی کامیابیوں سے مطمئن ہو کر اپنا سرمایہ وطن واپس لا کر اپنا کاروبار کرنے پر تیار دکھائی دیتے ہیں جبکہ عام شہری بھی سکون کا سانس لے رہے ہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کے آقاؤں سمیت پورے نیٹ ورک کو باور کرا دیا ہے کہ پاک فوج ان کے شیطانی عزائم کچلنے میں کامیاب ہو رہی ہے اور دہشت گردوں کے پاؤں تلے سے زمین سرک رہی ہے ۔ا گرچہ دہشت گردی کی وجہ سے چھاجانے والا اندھیرامکمل طور پردور نہیں ہوا مگر امید کی نئی کر نیں پھوٹنا شروع ہو چکی ہیں اور پاکستان میں استحکام اور سکون کا دور آرہا ہے ۔ ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بھی پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون کر کے اس پراپیگنڈہ کو غلط ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت کاایک لائحہ عمل پر نہیں ہے ۔ پاک فوج کا ضرب عضب آپریشن حکومت اور پوری سیاسی قیادت کی منظوری اور مشاورت سے شروع ہوا تھا جب کہ اس آپریشن کے دوران بھی یہ مشاورت کا سلسلہ بہترین انداز میں چلتا آرہا ہے۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کمال تدبر اور فہم و فراست سے کام لیتے ہوئے افواج پاکستان کو دہشت گردی کے سدباب کے لئے مکمل آزادی دی تو افواج پاکستان بھی حکومت اور قوم کی تو قعات سے بھی بڑھ کر کامیاب ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک میں امن بحال ہوا ہے اور کراچی سمیت تمام بڑے شہروں کی رونقیں واپس لوٹ رہی ہیں۔ اہل وطن اپنے ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کے مابین مثالی اشتراک و تعاون کو اپنے ملک کے لئے باعث رحمت و برکت سمجھتے ہیں اور ضرب آپریشن کی کامیابی کو حکومت ، افواج اور پوری قوم کی عظیم کامیابی تصور کرتے ہیں ۔
via Pakistan News - Pakistan Views - Zameer36 Global Issues & World Politics http://ift.tt/1htCAzU
Comments
Post a Comment